کویت میں پاکستان کمیونٹی کے لیے کیرئیر ڈویلپمنٹ اور حصول روزگار میں معاونت کیلیے پیش پیش۔ مسلسل خدمت اور کامیابی کے سات سال
٭پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی کیرئیر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے خدمات قابل ستائش ہیں۔ ڈاکٹر عمر جاوید کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کویت
٭کیرئیر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ہموطنوں کی خدمت ہمار ا نصب العین ہے۔ کامیابی اللہ رب العزت کے فضل و کرم، ٹیم ورک، مسلسل محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ محمد عرفان عادل بانی و صدرپاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت
٭سات سال قبل لگایا جانے والا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے، ہم کامیابی اور خدمت کے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔ انور علی نائب صدر
٭پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت انتہائی منظم اور منفرد انداز میں کیرئیر ڈویلپمنٹ کے ضمن میں ہموطنوں کی خدمت کر رہا ہے۔ہائیر ایجوکیشن میں رہنمائی، بے روزگار افراد کو حصول روزگار میں معاونت انتہائی قابل ستائش عمل ہے۔ انجینئر شمیم مظفر
٭طلبہ و طالبات کی ہائیر ایجوکیشن میں رہنمائی، بے روزگار افراد کو حصول روزگار میں معاونت انتہائی قابل ستائش عمل ہے۔ مسز یاسیمن مظفر
٭Creative Artمقابلے میں پاکستان سکول منقف کی صفا ارشد نے پہلی،پاکستان ایکسل سکول کی ایشاء عرفان نے دوسری جبکہ پاکستان سکول سالمیہ کی افنان افضل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
٭تقریری مقابلے میں انٹرنیشنل سکول آف پاکستان خیطان کے محمد علی حسن نے پہلی، نیو پاکستان انٹرنیشنل سکول حولی کی ایمان نعیم نے دوسری جبکہ تسبیحہ جاوید پاکستان سکول منقف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
٭ججز کے فرائض کویت میں اردو ادب کے حوالے سے معروف شخصیات انجینئر شمیم مظفر اور مسز یاسمین مظفر نے انجام دیے۔
٭پاکستان کیلیے خوبصورت ملی نغمہ لکھنے پر کویت کے معروف شاعر کاشف کمال کو PEFKایچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔
٭زاگر حسین کے خوبصورت ملی نغمے، پاکستان ایکسل سکول اور انٹرنیشنل سکول آف پاکستان کے بچوں کی ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس۔
(محمد عرفان شفیق۔ کویت)پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کمیونٹی کی واحد اور منفرد تنظیم ہے جو کویت میں موجودافراد کو روزگار کی تلاش میں معاونت اور بہترین روزگار کی تلاش میں اہم کردارادا کر رہی ہے اور انسانیت کی بے لوث خدمت کا یہ جذبہ گزشتہ سات برسوں سے رواں دواں ہے۔ گزشتہ دنوں پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی انتظامیہ نے سات برس مکمل ہونے پر ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں مقامی سکولوں کے طالبعلموں نے ملی نغمے، ٹیبلو، مقامی گلوکاروں نے وطن کی محبت کے جذبات سے بھرپور ملی نغمے اور شعراء کرام نے اپنا کلام پیش کیا۔پروگرام کے مہمان خصوصی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی جناب ڈاکٹر عمر جاوید تھے جنھوں نے بچوں کی کارکردگی کو خوب سراہاجبکہ پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم کی تلاوت سے ہوا جسکی سعادت محمدالرشید نے حاصل کی، جسکے بعد حضور سرور کونینؐ ہدیہ نعت محمد علی حسن نے پیش کیا۔اسکے بعد کویت اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔میزبانی کے فرائض پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے وقاص احمد اور مس نادیہ محمد ارشد نے بخوبی انجام دیے۔اس پروگرام کی خاص بات سکول کے طلبہ کے مابین Creative Artکا مقابلہ اور سوشل میڈیا کے اثرات کے موضوع پر تقاریر تھیں۔منصفین کے فرائض کویت میں اردو ادب کے حوالے سے معروف شخصیات انجینئر شمیم مظفر اور مسز یاسمین مظفر نے انجام دیے۔ تقاریر کے مقابلے میں نبیجہ طاہر، تسبیحہ جاوید،محمد علی حسن، ایمان نعیم اورمہرش ندیم جبکہCreative Artکے مقابلے میں ایشاء عرفان، جمشید احمد،المیرہ احمد، صفا ارشد،نور اشتیاق، افنان افضل نے حصہ لیا۔پروگرام کا پہلا ٹیبلو پاکستان ایکسل سکول کی جانب سے ملی نغمے” میرے وطن یہ عقیدتیں اور پیار تجھ پہ نثار کر دوں ” جبکہ دوسرا ٹیبلوانٹرنیشنل سکول خیطان کی جانب سے کویت میں مقیم نوجوان شاعر کاشف کمال کے لکھے ہوئے ملی نغمے "اے میرے وطن” پر پیش کیا گیا۔یہ ملی نغمہ پاکستان میں تمام چینلز کی زینت بن چکا ہے۔پاکستان سکول منقف کے طالبعلم عبدالعزیز اور انٹرنیشنل سکول آف پاکستان کے طالبعلم محمد علی حسن نے ملی نغمہ پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ کویت میں مقیم نوجوان شاعر سید صداقت ترمذی نے حب الوطنی کے موضوع پر اپنا سحر انگیز کلام پیش کیا۔
پروگرام کے اگلے حصے میں پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ خلیل احمد نے تنظیم کی سات سالہ کارکردگی پر مفصل روشنی ڈالی اور کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔ نائب صدر پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت انور علی نے تنظیم کے مختلف شعبوں کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔اسکے بعدتنظیم کے بانی و صدر محمد عرفان عادل نے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور تمام حاضرین کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔انھوں سے مہمان خصوصی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی جناب ڈاکٹر عمر جاوید کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ ڈاکٹر عمر جاویدنے تنظیم کی کارکردگی کو سراہا اور تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ کویت میں اس انداز سے پاکستانی کمیونٹی کی خدمت ایک صدقہ جاریہ ہے اور یہ تصور اپنے تئیں ایک خوش آئند قدم ہے۔ انھوں نے تقریب میں موجود طلباء، اساتذہ کرام، پرنسپل حضرات کی کاوشوں کو سراہاجنھوں نے شب و روز محنت کی اور اپنے سکول کا نام روشن کیا۔انھوں نے پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی ٹیم اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور انکی کاوشوں کی تعریف کی جنکی شبانہ روز محنت سے ایک کامیاب پروگرام کا انعقاد ممکن ہوا۔ کویت میں مقیم معروف نوجوان شاعر کاشف کمال کو انکی ملی نغمہ کی شاعری کے اعتراف میں ایچومنٹ ایوارڈ 2017دیا گیا۔ کاشف کمال کا ملی نغمہ "اے میرے وطن”ملک بھر میں تمام ٹی وی چینلز کی زینت بن چکا ہے۔ اسکے بعد زاگرمیوزکل گروپ کے چیئرمین زاگرا نور نے ملی نغمہ دل دل پاکستان اور اس پرچم کے سائے تلے پیش کیا۔ اس موقع پر پورا ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، حاضرین سبز ہلالی پرچم لہراتے رہے۔ تقریب کے آخر میں تقریری مقابلے اور Creative Artکے مقابلے میں نمایا ں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں اسناد اور شیلڈ تقسیم کی گئیں۔تقریری مقابلے میں انٹرنیشنل سکول آف پاکستان خیطان کے محمد علی حسن نے پہلی، نیو پاکستان انٹرنیشنل سکول حولی کی ایمان نعیم نے دوسری جبکہ تسبیحہ جاوید پاکستان سکول منقف نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ Creative Artمقابلے میں پاکستان سکول منقف کی صفا ارشد نے پہلی،پاکستان ایکسل سکول کی ایشاء عرفان نے دوسری جبکہ پاکستان سکول سالمیہ کی افنان افضل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر پروگرام کے ججز جناب انجینئر شمیم مظفر اور مسز یاسمین مظفر نے طلبہ کی دل کھول کر تعریف کی اور پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی اس کاوش کو سراہا، جس نے طلباء کے لیے اتنے اچھے پروگرام کا انعقاد کیا۔ انھوں نے پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی کمیونٹی کے لیے خدمات اور روزگار میں معاونت کرنے پر پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کے ساتھ ہوا۔آخرمیں میڈیا نمائندگان میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔ اس پروگرام کو VIVA Telecom اور برازیل فوڈ کمپنی نے سپانسر کیا تھا۔