کویت، 27 اگست 2020: پاکستانی بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جناب احسان الحق (بانی پاکستانی بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن) کےاعزاز میں ایک یادگار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جناب احسان الحق کی کویت میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے کی کاوشوں اور پاکستانی کمیونٹی کے لئے ان کی خدمات پرانہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ۔ کورونا کے پیش نظر نامساعد حالات کی وجہ سے یہ تقریب انتہائی سادگی سے، محدود پیمانے پر منعقد کی گئی۔
کمیونٹی کی جانب سے خراجِ تحسین
تقریب کا آغاز نعمان اسلم نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ عرفان سعید صاحب، سینیئر ایڈوائزر پاک ڈونرز، نے جناب احسان الحق کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اسکے علاوہ عبداللہ عباسی صاحب، محمد انعام صاحب، ڈاکٹرشجاع الدین صاحب، رانا اعجاز صاحب، حافظ شبیر صاحب، آصف خان صاحب، ڈاکٹر جہانزیب صاحب نے بھی جناب احسان الحق کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔
سفیر پاکستان کی خصوصی شرکت، یادگاری شیلڈ پیش کی
سفیر پاکستان عزت مآب جناب سید سجاد حیدر نے بھی اس تقریب میں شرکت فرمائی اوراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جناب احسان الحق نے کویت میں 45 سال سے زائد کا عرصہ گزارا ہے اور پاکستانی کمیونٹی میں انکی کمی خاصی محسوس کی جائیگی۔ سفیر پاکستان نے جناب احسان الحق کو پاکستانی بلڈ دونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے انکی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ اور اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ بعد ازاں جناب احسان الحق نے تمام حاضرین بالخصوص سفیر پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اورکویت میں پاکستا نی کمیوںٹی کو خراج تحسین پیش کیا جو دیارِ غیر میں وطن کی نیک نامی کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔
نعمان اسلم گھمن کا تقریب کے شرکاء سے اظہارِ تشکر
نعمان اسلم گھمن صاحب نے اپنے مختصر خطاب میں تقریب میں موجود شرکاء کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا، جن کی موجودگی اس الوداعی تقریب کے وقار میں اضافے کا سبب بنی۔ یقیناً جناب احسان الحق کی خدمات اور کاوشوں کا قرض ایک الوداعی تقریب سے ادا نہیں کیا جا سکتا اوریہ ہمیشہ ہم پر قرض رہے گا۔ اس موقعہ پر عبداللہ عباسی صاحب اور ندا مرزا صاحبہ کا شکریہ ادا کرنا انتہائی ضروری ہے، جن کے بغیر اس باوقار تقریب کا انعقاد ممکن نہ تھا۔
ماجد چوہدری کے ماموں کے لئے فاتحہ خوانی
تقریب کے آخر میں جناب پیر امجد حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کیااور دعا کروائی۔ تقریب میں عرفان ریاض نون صاحب، عاطف صدیقی صاحب، ساجد ندیم صاحب، عابد علی صاحب، مسز شائستہ زاہد صاحبہ، ندا مرزا صاحبہ، ڈاکٹر فرح صاحبہ اور مسز فائزہ عاطف صاحبہ بھی شریک تھیں۔ اس موقع پر ماجد چوہدری کی درخواست پر انکے مرحوم ماموں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔