کویت پاکستان بلڈ ڈونرز نے خصوصی طورپر ماجد علی چوہدری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پک اینڈ ڈراپ کیلئے ٹرانسپورٹ فراہم کی۔
کویت،8 اگست 2020: (نمائندہ خصوصی) کویت پاکستان بلڈ ڈونرز ،کے زیر اہتمام جمعہ 7، اگست کو سنٹرل بلڈ بنک جابریہ میں منعقد ہونے والا بلڈ ڈونیشن کیمپ توقع سے بھی کامیاب رہا ، کرونا بحران کے بعد پاکستانی کمیونٹی کا کویت میں ایک جگہ اکٹھا ہونے کا یہ پہلا موقعہ تھا، کویت میں پبلک ٹرانسپورٹ ابھی تک بند ہے،اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کویت پاک بلڈ ڈونرز کے صدر اور ٹیم لیڈر عماد میر نے کویت کے مختلف علاقوں سے ٹرانسپورٹ کا اہتمام کیا تھا،اس کار خیر کیلئے ماجد علی چوہدری ممبر بورڈ آف گورنرز (OPF) جوپاکستان نیشنل انگلش اسکول حولی کے ڈائریکٹر بھی ہیں،انہوں نے پانچ بسیں فراہم کی تھیں۔ دو بسیں جلیب الشیوخ کیلئے وقف تھیں جبکہ فروانیہ ،خیطان اور فحاحیل سے لوگوں کو لانے کیلئے ایک ایک بس وقف کی گئی تھی۔ عماد میر اور کویت پاکستان بلڈ ڈونرز کے دیگر ارکان نے ماجد علی چوہدری کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے تعاون سے ہم وطنوں کو جو خون کے عطیات دینا چاہتے تھے ،بڑی سہولت میسر آگئی۔
بلڈ کیمپ کا دورانیہ دوپہر 1 بجے سے شام 7 تک مقرر تھا
بلڈ ڈونیشن کیمپ کا وقت ایک بجے مقرر کیا گیا تھا ،لوگ مقررہ وقت سے پہلے ہی پہنچنا شروع ہو گئے تھے، پورا وقت خون کے عطیات دینے والوں کا رش لگا رہا، عماد میر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستانی بھائیوں کے علاوہ خواتین نے بھی کثیر تعداد میں کیمپ میں شرکت کی اور مجموعی طور پر طور پر 184 ڈونیشنز جمع ہو گئیں، یہ کسی کیمپ میں جمع ہونے والی دوسری بڑی ڈونیشن ہے، قبل ازیں ایک مرتبہ پاکستان انگلش اسکول و کالج جلیب الشیوخ میں منعقد ہونے والے کیمپ میں 225 ڈونیشنز جمع ہوئی تھیں ،اس کے بعد یہی سب سے بڑی ڈونیشن ہے۔
بلڈکیمپ میں مقامی پاکستانی تنطیموں کے نمائندگان کی کثیر تعداد میں شرکت
کویت میں پاکستانی تنظیموں کے صدور اور معروف شخصیات نے بلڈ ڈونیشن کیمپ میں بھرپور شرکت کی،ان نمایاں شخصیات میں ماجد علی چوہدری ممبر بورڈ آف گورنرز اوپی ایف، پیر امجد حسین صدر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت، شہزاد الرحمن بٹ نائب صدر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت، انجینئرمحمد انعام جنرل سیکرٹری اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت، عرفان سعید اسلامک ایجوکیشن کمیٹی ،صدف علی صدف میڈیا ہیڈ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت، عتیق عدنان صدر پیپلز کلب کویت، محمد عرفان ناگرہ چیف آرگنائزر مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ گلف، محمد زبیر شرفی صدر مسلم سنٹر (ن) لیبر ونگ کویت،خالد لودھی پرنسپل پاکستان اسکول منقف۔ ڈاکٹر شجاع الدین صدر ایسوسی ایشن آف پاکستانی ڈاکٹرز ان کویت، ڈاکٹر جہانزیب عثمان صدر عوامی نیشنل سنٹر کویت، ڈاکٹر ظفر امان شیخ، شکیل ڈار صدر پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت، منیر گجر منہاج ویلفیئر سوسائٹی کویت،محمدعرفان عادل صدر پاکستان قرآت و نعت کونسل و پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت،شہزاد احمدصدر پاکستان قرآت و نعت کونسل کویت، طارق علی محسن چیئرمین پاکستان پریس کلب کویت، محمدندیم اکبر صدر پاکستان پریس کلب کویت،خالد نور جنرل سیکرٹری پاکستان پریس کلب، نیوز الرٹ، محمدآصف باجوہ فرینڈزنیوز، جاویدساقی اعوان ون نیشن، امتیازحسین قریشی جناح کا پاکستان، شریف حدیثوی دنیا نیوز، محمدہادی بلتی جی بی میڈیا، عاطف صدیقی پاکستانیز ان کویت، محمدطاہربشیر صدر بینک اینڈ فنانس پروفیشنل ان کویت، محمدنعیم جان بانی کویت پاکستان یوتھ سوسائٹی، پاکستان ویمن فورم کی نمائندہ خواتین اور دیگر شامل تھے۔
کویت پاکستان بلڈ ڈونرز کی جانب سے اظہارِ تشکر
آخر میں کویت پاکستان بلڈ ڈونرزٹیم اور ٹیم لیڈر عماد میر نے کیمپ میں خون کے عطیات جمع کرانے والی شخصیات، پاکستانی تنظیموں کے صدور اور کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ،ماجد علی چوہدری کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بسیں فراہم کرکے بلڈ ڈونیشن کیمپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، انہوں کویت پاکستان بلڈ ڈونرز کی ٹیم کے تمام ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کی نمایاں کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ کویت وزارت صحت نے ان پر جو اعتماد کیا اس پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائی۔