کویت سٹی، مئی 4: وزیر لیبر و سماجی محترمہ امور ھند الصبیح نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت وزارت داخلیہ کے تعاون سے ایسے تمام افراد جن کا اقامہ کمپنی کی ملف مستقل بند ہونے کی وجہ سے ختم ہوگیا ہو ان کو 60 دن کی مہلت دے گی تاکہ وہ اپنا اقامے کو قانونی بنا سکیں۔اس سہولت کا اطلاق وزارت کی جانب سے اعلان کرنے کی تاریخ سے ہوگا۔
وزیر مملکت نے تمام متاثرہ افراد پہ زور دیا کہ وہ اس سہولت کا فائدہ اٹھائیں کیونکہ مہلت کی تاریخ گزر جانے کے بعد تمام غیر قانونی طور پر رہائش پزیر افراد کے ساتھ ملک بھر میں سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے تمام کارکنوں اور کمپنی مالکان سے درخواست کی کہ قانون کی بالادستی کیلیئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کی فائلز معطل کر دی جائیں گی اور تمام قانونی اختیارات بشمول جرمانہ اور قید استعمال کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں وہ کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ۲۰۱۴ کے آغاز سے اب تک ۴۳۰۰ کمپنیوں کی فائلیں بند کردی گئی ہیں اور آرٹیکل ۷۱ کے تحت ان کے کیس وزارت داخلیہ کے جنرل انویسٹیگیشن ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے آرٹیکل ۱۰ کا حوالہ دیا جس کے مطابق کوئی بھی کمپنی یا آجر اندرون ملک یا بیرون ملک سے ملازم بھرتی نہیں کرسکتا جب تک وہ ان کو حقیقی ملازمت مہیا نہ کر سکتا ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت جلد ایک جدید نظام وضع کرے گی جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والی ایسی تمام کمپنیوں کے نام میڈیا میں شائع کیے جائیں گے تاکہ ان کمپنیوں کے تحت کام کرنے والے ملازمین اپنی قانوںی حیثیت درست کر سکیں۔