فوڈ ڈیلیوری سروسزکے اوقات شام 5 سے رات 1 بجے تک مقرر۔
کویت سٹی، 22 اپریل 2020: ماہ رمضان المبارک کے دوران ریسٹورنٹس کو شام 5 سے رات 1 بجے تک کھانے کی ڈیلیوری کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ کوآپریٹیو سوسائیٹیز کو ماہ رمضان المبارک میں 12 گھنٹے یعنی 6 گھنٹے صبح 9 سے دوپہر 3 تک اور 6 گھنٹے رات 8 سے رات 2 بجے تک کام کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے مقامی ریسٹورنٹس اور خوراک کی ترسیل کی خدمات فراہم کرنے کے لیے سخت قواعد و ضوابط اور ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
فوڈ ڈیلیوری کے لیے قواعد و ضوابط اور ضروری اقدامات کے تحت ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کو حفظان صحت اور احتیاط کے تمام اصولوں کو مد نظر رکھنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ ان ایجنسیوں پر بھی ذمہ داری عائد کی گئی ہے جو فوڈ سیکٹر کے ان ملازمین کو ملازمت پر رکھتی ہیں کہ وہ ان کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں اور انہیں مناسب رہائش بھی فراہم کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وزارت صحت کویت کی جاری ایڈوائزری کے اہداف کی تکمیل کی جاسکے۔
وزارت صحت کویت نے کھانا تیار کرنے اور ترسیل کرنے والے تمام اداروں اور باڈیز کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی روزانہ کی بنیاد پر جانچ پڑتال کریں۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر ملازمین کے ٹمپریچر کی چیکنگ اور معلومات کو الیکٹرانک طورپر محفوظ کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوڈ ملازمین کی ان معلومات کو وزات صحت کو بھیجا جاسکے۔ فوڈ ملازمین کو فوڈ ڈیلیور کرنے سے پہلے اور بعد میں صابن سے ہاتھ دھونے اور سینیٹائزر استعمال کرنے کا بھی پابند کرنا ہوگا۔
فوڈ ڈیلیوری ورکرز کو کام فراہم کرنے والی کمپنیوں کو وزارت صحت کویت نے پابند کیا ہے کہ وہ ملازمین کو مناسب اور صاف ستھری رہائش بھی فراہم کریں تاکہ کورونا وائرس کی کسی بھی علامت کے ظاہر ہونے کی صورت میں وہ خود کو قرنطینہ کرسکیں۔
قواعد و ضوابط کے تحت یہ بھی کہا گیا ہے کہ فوڈ سپلائی کرنے والی کمپنیاں اور مقامی ریسٹورنٹس، کھانے کو تیار کرنے اور اسے پیک کرنے کے لیے مستقل طور پر صاف شفاف اور خصوصی جگہیں بھی فراہم کریں گے۔ فوڈ ملازمین کے لیے ان جگہوں کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا لازمی ہے جبکہ تازہ ایڈوئزری میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فوڈ کی رقم کی ادائیگی کے لیے آن لائن پیمنٹ کا طریقہ کار اختیار کیا جائے۔