کویت: سیکیورٹی اداروں نے حالیہ دنوں ایک عراقی نژاد رومانی جادوگر کو جادوئی عملیات کرنے اور جادو کے لئے خدمات حاصل کرنے والی خواتین کو بلیک میل کرنے کے جرم میں گرفتار کیا ہے۔ اداروں کے مطابق مشتبہ شخص عرصہ آٹھ سال سے یہ کاروبار کر رہا تھا۔
مقدمے کے کاغذات سے معلوم پڑتا ہے کہ خفیہ اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ ایک مشتبہ شخص جابر ال علی کے علاقہ میں اپنے گھر پر مشکوک کاروائیوں میں مشغول ہے۔ جادوگر کا شکار چونکہ زیادہ تر خواتین تھیں اس لئے ایک تیس سالہ خاتون خفیہ اہلکار کو گاہک کے روپ میں بھیجا گیا کہ وہ جادوگر کی خدمات حاصل کرے۔ خاتون کی کال کے جواب میں ملزم نے اسے اپنے نئے گھر کا پتا دیا اور خفیہ اداروں نے چھاپہ مار دیا۔
ملزم کے گھر سے جادو میں استعمال ہونے والی بہت سی اشیاء کے علاو ہ خواتین کی تصاویر، ایڈریسز، اور جادو ٹونے کے عملیات کی کتابیں برآمد ہوئی۔ ملزم نے اپنی بہت ساری گاہک خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات کا بھی اقرار کیا اور یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے آٹھ سال کے عرصہ میں جادو ٹونے کی خدمات کے عوض بہت مال کمایا۔