پاکستان اور کویت کا باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار

کویت کے نائب وزیر خارجہ علی سلیمان السعید کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے کویتی وفد کا اسلام آباد کا دورہ

پاکستان اور کویت کا باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار 2

31 جنوری، 2021 (اردو کویت): پاکستان اور کویت نے جمعرات کو معیشت، تجارت، آئل و گیس، توانائی، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس عزم کا اظہار کویت کے نائب وزیر خارجہ علی سلیمان السعید کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے کویتی وفد کے اسلام آباد دورے کے دوران کیا گیا۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وفد نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی کی۔ 

پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ مضبوط تعلقات بڑھانے کا اعادہ

دورے کے دوران شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ مضبوط تعلقات بڑھانے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص سرمایہ کاری، افرادی قوت کی فراہمی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفری سہولیات کا اضافہ بھی بے شمار شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

جی سی سی ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے کویتی قیادت کے کردار کی تعریف

پاکستان کے وزیر خارجہ نے جی سی سی ممالک کے درمیان اختلافات کے حل کے لیے کویتی قیادت کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ اس موقع پرعلی سلیمان السعید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کویتی وفد کا دورہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک بڑھانے کی کویتی قیادت کی انتہائی دلچسپی کا مظہر ہے۔ 

خلیج، مشرق وسطیٰ میں استحکام اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

ملاقات کے دوران کثیرالجہتی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی (آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن) کی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اشتراک پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی ترقی کے ساتھ ساتھ خلیج، مشرق وسطیٰ میں استحکام اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کویتی وفد نے پاکستان کی وزارت معاشی امور، وزارت داخلہ اور وزارت اوور سیز پاکستانی و ترقی انسانی وسائل کا بھی دورہ کیا۔

دو طرفہ معاشی تعاون و باہمی اشتراک بڑھانے کی اہمیت پر زور

ملاقات کے دوران سیکریٹری معاشی امور نے پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ معاشی تعاون اور باہمی اشتراک بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں جاری منصوبوں میں کویت کے بھرپور تعاون کو سراہا اور کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے کویت کی جانب سے فراہم کردہ قرض کی معطلی کی سہولت کی تعریف کی۔ دونوں وفود کی جانب سے دو طرفہ معاشی تعلقات پر نظرثانی کی گئی اور معیشت، تجارت، آئل و گیس، توانائی، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنا لوجی اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ 

مستقبل قریب میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس بلانے پر اتفاق

یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کی راہ ہموار کرے گا، ۔ کویتی نائب وزیر خارجہ علی سلیمان السعید

سیکریٹری معاشی امور نے مختلف شعبوں بالخصوص انفرااسٹرکچر، توانائی اور سماجی شعبے میں کویت فنڈ سے مالیاتی تعاون کے فریم ورک معاہدے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے مستقبل قریب میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔ کویتی نائب وزیر خارجہ علی سلیمان السعید نے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کی راہ ہموار کرے گا۔ کویت کے نائب وزیر خارجہ علی سلیمان السعید باہمی سیاسی مشاورت کے تیسرے راؤنڈ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔ آخری راؤنڈ مئی 2016 میں منعقد کیا گیا تھا۔ کویت نیوز ایجنسی۔

Exit mobile version