کویت میں پاکستان کا 71واں یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا

کویت میں پاکستان کا 71واں یوم آزادی

سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب، پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

(محمد عرفان شفیق ۔ کویت) کویت میں سفارت خانہ پاکستان کے احاطے میں پرچم کشائی کی تقریب  منعقد ہوئی جس میں  سفارتخانہ کا عملہ اور  پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے اپنے اہل خانہ اور بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔ بچوں نے پاکستانی پرچم  تھامے ہوئے تھے اور روایتی لباس میں ملبوس لوگوں نے پردیس میں دیس کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا، سفیر پاکستان غلام دستگیر نے پرچم کشائی کی۔   قومی پرچم کے بلند ہوتے ہی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

سفارت خانہ پاکستان کے قائداعظم آڈیٹوریم  میں لوگوں کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوے سفیر پاکستان  غلام دستگیر نے صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم جسٹس  (ر) ناصر الملک کا قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنایا۔ سفیر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے  کویت میں مقیم پاکستانیوں کی جشن آزادی کی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم تمام افراد پارٹیوں سے بالاتر ہو کر صرف پاکستانی ہیں اور پاکستان کے مثبت پہلو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، جشن آزادی کے موقع پر عہد کریں کہ ہم ملک پاکستان کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور سپریم کورٹ کی جانب سے بھاشا ڈیم اوردیامیر ڈیم کی تعمیر کےلیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔معروف سنگر ناصر عباس اور بانسری نوازسعید ہزاروی نے بچوں کے ہمراہ ملی نغمے پیش کیے اور تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ جشن آزادی کی تقریب میں شرکا ءکا جذبہ دیدنی تھا۔ آخر میں یوم آزادی کی مناسبت سے سفیر پاکستان نے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔

رپورٹ بشکریہ: محمد عرفان شفیق

Exit mobile version