خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز: کویت میں پہلے اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کا قیام

خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز: کویت میں پہلے اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کا قیام 2

خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز کلب کویت میں پاکستانی کمیونٹی کا پہلا ٹوسٹ ماسٹرز کلب ہے جس نے اردو زبان کو متعارف کروا کر تاریخ رقم کر دی ہے. خوش بیان کا پہلا اجلاس ١٠ فروری ٢٠١٨ کو اوسترالین کالج آف کویت، مشرف کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں ممبران اور محبان اردو کی کثیر تعداد نے شرکت کی. اس کی بانی و صدر محترمہ ثمینہ مجتبیٰ ہیں۔ خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز کو اکتوبر ٢٠١٧ میں ، ٹوسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل سے چارٹر عطا ہوا تھا جو کلب کی رسمی سرگرمیوں کے آغاز کا اجازت نامہ ہے۔ ٹوسٹ ماسٹرز انٹرننیشنل، ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں اپنے مراکز کے ذریعہ کلب کے اراکین کی قائدانہ صلاحیتوں ، عوامی فنِ تقریر، اور زبان و بیان کو نظم و ترتیب کے ساتھ بہتر بنانا ہے۔

انسانی فطرت کی ایک بنیادی خاصیت حقیقت کی تلاش ہے، زبان ایک ایسا نایاب ذریعہ ہے جس سے ہم اپنی سوچ کو بخوبی بیان کر سکتے ہیں. اردو ایک ایسی خوبصورت زبان ہے جسے شاعر برسوں سے اپنی شاعری میں اظہار خیال کے لئے استعمال کرتے آرہے ہیں.

خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز، کویت میں پہلا اردو کلب ہے جو اپنی نوعیت کا واحد مرکز ہے جہاں فنِ تقریر، گفتگو اور قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو زبان کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ انگریزی بولنے والے اردو سے روشناس ہو سکیں اور اردو بولنے والوں پر انگریزی کا باب وا ہو جائے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز منتظم انجمن محترمہ عظمیٰ ذیشان نے بہت خوبصورتی سے مقررہ وقت پرکیا اور پھرصدر خوش بیان محترمہ ثمینہ مجتبیٰ کو اسٹیج پر دعوت دی جنہوں نے اپنا پیغام اور تمام آنے والے ممبران، مہمانوں اور خصوصی مہمانوں کا تعارف پیش کیا اور پھر ناظم اجلاس محترمہ کنیز فاطمہ اور جناب فیصل جمیل کو متعارف کروایا.

ناظمِ اجلاس محترمہ کنیز فاطمہ اور جناب فیصل جمیل نے پروگرام کی نظامت کو بخوبی نبھایا. انھوں نے اجلاس کے تمام کرداروں کو متعارف کروایا جن میں عمومی تجزیہ نگار جناب راجیش وینوگوپال، لسانی تجزیہ نگار محترمہ ثمینہ مجتبیٰ، خطا شمار محترمہ سعدیہ لطیف، نگران وقت محترمہ اولا رشید اور رائے شمار جناب شیراز ارشد شامل تھے.

منتظم برجستہ موضوعات محترمہ گایتری رویندرن اور سحر عبّاس نے مختلف موضوعات پر اراکین اور مہمانان کو فی البدیہہ تقاریری مقابلے کی دعوت دی۔

جناب ابوبکر الکنداری، اور نادیہ ذیشان نے اردو میں اپنی تیار شدہ تقاریر پیش کیں۔ ان مقررین کی تقاریر کی تجزیہ نگاری جناب فیصل جمیل اور محترمہ حرّا راضی نے کی۔

خصوصی مہمانوں میں ٹوسٹ ماسٹرز کی بہت سی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں ڈسٹرکٹ ٢٠ ڈائریکٹرجناب ڈاکٹر محمد مخلوف، ڈویژن ائی ڈائریکٹر محترمہ فاطمہ عبدللہ، اسسٹنٹ ڈویژن ائی ڈائریکٹر (پروگرام کوالٹی) جناب ڈاکٹر پرتھاپ اننیتھن اور ایریا ٣٧ ڈائریکٹر محترمہ علینا تاکو شامل ہیں.

تقریب کے اختتام پر صدر خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز محترمہ ثمینہ مجتبیٰ نے برجستہ موضوعات، تیار شدہ تقاریر اور میڈیا سے آنے والے حضرات کی حوصلہ افزائی کیلئے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے اور اراکین اور مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ یہ سب ایک خواب تھا جو آج حقیت بنا کہ ہم کویت میں پہلی بار اردو زبان کو ٹوسٹ ماسٹرز کی وساطت سے پیش کرنے میں کامیاب ہوۓ اور خوش بیان کلب نا صرف اردو زبان کی خوبصورتی کو ترویج دے گا بلکہ مختلف طبقہ کے لوگوں کو متحد کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا.

رپورٹ: فیصل جمیل – نائب صدر رابطہ عامہ

Exit mobile version