کویت، وزارتِ تعلیم اسکولوں کی بحالی کے لیے متحرک

moe to prepare rehabilitation of schools

کووڈ 19 کی صورتحال کے دوران حکومت کے زیر استعمال ایک اسکول کو اگلے تعلیمی سال کی تیاری کے لیے وزارت تعلیم کی جانب سے جراثیم سے پاک کیا جارہا ہے

کویت سٹی، 8 جون 2020: روزنامہ السیاسۃ کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم و اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر سعود الحربی نے وزارت تعلیم اور ایجوکیشن سیکٹر کے سروسز سپروائزرز کو کویت کے 956 اسکولوں کی بحالی کے عمل پر جامع رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایت اگلے تعلیمی سال کی تیاری کے لیے کی گئی ہے۔ 

انہوں نے اسکولوں میں تدریسی عمل کے آغاز کے لیے مختلف پہلوؤں سے ایک واضح ٹائم پلان کی درخواست کی۔ بالخصوص ان 400 اسکولوں کی بحالی، جو کووڈ 19 سے مقابلہ کرنے کے لیے حکومت کے زیر استعمال تھے۔ وزارت کے ماتحت سیکریٹری اور انتظامی امور و سروسز سیکٹر کے ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات میں ڈاکٹر الحربی نے نیا تعلیمی سال شروع کرنے،  تدریسی عمل کی بحالی اور اسکولوں کی تیاری کے لیے ایک ایگزیکٹو پلان ترتیب دینے پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ کووڈ 19 سے مقابلے کے لیے حکومت کے زیر استعمال اسکولوں کی بحالی کے لیے ضروریات کا تخمینہ لگانے اور انہیں جراثیم سے پاک کرنے کے لیے بحالی کا پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اس حوالے سے تعلیمی ذرائع نے کہا ہے کہ فروری کے آخر سے اسکولوں کی معطلی کے بعد اب اسکولوں کی بحالی اور ان کی مرمت کرنے، انہیں جراثیم سے پاک کرنے اور ان میں دوبارہ تدریس کا عمل شروع کرنے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ چار ماہ سے یہ سہولیات غیر فعال ہیں۔ صحت سے متعلق تحفظات کی بنیاد پر اگر وزارت صحت نے اس مدت کو بڑھانا چاہا تو اس مدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ 

انہوں نے زور دیا کہ وزارت تعلیم کو اس وقت اگلے تعلیمی سال کی تیاری کے لیے غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام حالات میں یہ تیاری گرمیوں کی چھٹیوں کی دوران کی جاتی ہے جب تمام سروسز دستیاب ہوتی ہیں۔ 

تاہم  ذرائع نے بتایا کہ موجودہ صورتحال اور طالب علموں اور اسکول ملازمین کے بچاؤ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے، متعلقہ سیکٹر مشکل سے ہی اسکولوں کی صفائی ستھرائی کے انتظامات، ایئر کنڈیشننگ کی مرمت اور الیکٹریکل خرابیوں کو دور کرسکتا ہے کیونکہ اس کے لیے مستقل محنت اور ثابت قدمی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ صفائی ستھرائی کے معاہدے کے تحت کچھ ملازمین کی غیر حاضری اور قرنطینہ مقامات میں دیگر افراد کی موجودگی، فوری حل کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کچھ اسکولوں میں سیکیورٹی ورکرز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے وزارت تعلیم متبادل ذرائع کی فراہمی کے لیے کام کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ایئر کنڈیشن کی مرمت، خراب ایئر کنڈیشن کو بدلنے اور واٹر فلٹرز اور ٹینکس کی مرمت کے لیے بھی کام جاری ہے۔

بحوالہ: عرب ٹائمز

Exit mobile version